نیو کراچی خمیسہ گوٹھ میں خاتون کی پرُاسرار ہلاکت، شوہر زیرِ حراست

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے خمیسہ گوٹھ میں ایک گھر سے 22 سالہ خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر خاتون کے شوہر کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ خمیسہ گوٹھ میں کبریٰ مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس اور چھیپا ایمبولینس موقع پر پہنچی۔ خاتون کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت شکیلہ زوجہ وزیر کے نام سے ہوئی ہے۔ فوری طور پر موت کی حتمی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، جس کے تعین کے لیے میڈیکل ٹیم نے پوسٹ مارٹم کا فیصلہ کیا ہے۔ ایس ایچ او نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سب انسپکٹر رضوان قریشی نے بتایا کہ مقتولہ کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ شکیلہ کو اُس کے شوہر نے گھریلو جھگڑے کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوئی۔ پولیس نے ملزم وزیر کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ مقدمہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد درج کیا جائے گا۔