حکومت کو اگر کام کرنا ہے تو کسی قانون کے تحت کرے،سندھ ہائیکورٹ

پارکنگ تنازع سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ حکومت کو اگر کام کرنا ہے تو کسی قانون کے تحت کرے۔کیس نجی ڈپارٹمنٹل اسٹور کی مختلف برانچز سے چارجڈ پارکنگ کی وصولی سے متعلق درخواست پر سنا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کے ایم سی نے راشد منہاس روڈ پر اسٹور کو پارکنگ کی اجازت دی تھی اور اس کے عوض ماہانہ ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔عدالت نے سڑک کو پارکنگ کے لیے مختص کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ “سڑک پر پارکنگ کی اجازت کس طرح دی جاسکتی ہے؟ حکومت کرنا ہے کریں لیکن قانون کے تحت کریں۔”عدالت نے کہا کہ یہ تنازع دراصل کے ایم سی اور ٹاؤنز کے درمیان ہے، دونوں فریقین خود بیٹھ کر کیوں حل نہیں کرتے؟بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار کو کیس واپس لینے کے لیے مہلت دے دی۔