کراچی میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد کیس میں اہم پیش رفت

کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ زینب پر بدترین تشدد کے لرزہ خیز واقعے میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرلیا ہے۔ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا جب مالکن کا دوپٹہ استری کرتے ہوئے جل گیا جس پر وہ طیش میں آگئی اور کمسن ملازمہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے بچی کی کمر، ہاتھ اور ٹانگوں کو گرم استری سے جلا ڈالا، جس کے باعث زینب شدید زخمی ہوگئی۔ اسے فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق بچی کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار میاں بیوی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور عدالت سے ان کا ریمانڈ حاصل کیا جائے گا تاکہ مزید تفتیش آگے بڑھائی جاسکے۔متاثرہ بچی کی والدہ نے الزام لگایا کہ مالکن اس سے ہر وقت کام کرواتی تھی اور اسے سونے بھی نہیں دیتی تھی۔ والدہ نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کا جرم کرنے کی جرات نہ کرسکے۔