کراچی کے علاقے کیماڑی فش ہاربر کے قریب دن دیہاڑے بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جہاں نامعلوم مسلح ملزمان غیر ملکی فش ایکسپورٹ کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ روپے اور سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب کورین کمپنی پی کے انٹرنیشنل فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ملازمین نجی بینک سے ایک کروڑ 56 لاکھ روپے نکال کر اپنی کمپنی کے گیٹ پر پہنچے ہی تھے کہ 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 6 ملزمان نے انہیں گھیر کر اسلحے کے زور پر رقم اور سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ چھین لیا۔ واردات کے دوران کوئی مزاحمت نہیں کی گئی۔اطلاع ملنے پر ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی اور دیگر اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد حاصل کرلیے ہیں جبکہ کمپنی کے اکاؤنٹنٹ اور سیکیورٹی گارڈ کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ایس ایچ او ڈاکس نند لال کے مطابق مذکورہ رقم کمپنی کے ملازمین کو بونس کی مد میں دی جانی تھی تاہم واردات کے باعث وہ ممکن نہ ہوسکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی تفتیش تمام پہلوؤں کو سامنے رکھ کر کی جارہی ہے۔وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کیماڑی سے رپورٹ طلب کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی و تجارتی علاقوں کی سیکیورٹی پلاننگ پر نظرثانی کی جائے اور تمام عینی و واقعاتی شواہد کی بنیاد پر ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔






