جشنِ آزادی کا تھیم معرکۂ حق ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ امسال یومِ آزادی صرف ایک دن نہیں بلکہ 14 روزہ جشن کی صورت میں منایا جائے گا، جس کا تھیم ہوگا: “معرکۂ حق”۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں تاریخی کامیابی حاصل کی، جسے بھرپور انداز میں منانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں یکم سے 14 اگست تک مشترکہ تقریبات منعقد کریں گی۔ کراچی میں سینئر وزراء شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ: “افواجِ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ یہ صرف یومِ آزادی نہیں، بلکہ حق اور سچ کی جیت کا جشن ہے۔” انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کے تحت مختلف شہروں میں تقریبات، ریلیاں، سجاوٹ مہم، اور ثقافتی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ: “جو اس جشن کا حصہ نہیں بنے گا، عوام اسے پہچان لے گی۔ شرپسند عناصر موقع کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، لیکن پولیس، رینجرز اور پاک فوج مکمل طور پر تیار ہیں۔” وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا: “جو شہری، دکاندار، یا ادارہ اپنے گھر، عمارت یا گاڑی کو سجائے گا، میڈیا اس کی حوصلہ افزائی کرے، تاکہ ہر فرد قومی جذبے میں شریک ہو۔” ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہمیشہ قیادت کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا: “جب کرنا ہوگا، میں خود کر دوں گا، سب کو پتہ چل جائے گا۔” انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہشتگردی یا خطرات کے باعث کسی تقریب کو منسوخ نہیں کیا جائے گا، اور قوم کو آزادی کی اہمیت کا عملی شعور دلایا جائے گا۔