سندھ کے سینیئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں جام صادق پل کا دورہ کیا اور پل کی تعمیر ایک ہفتے میں مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔انجنیئرز، کنسلٹنٹس اور دیگر حکام نے سینیئر وزیر کو منصوبے کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جام صادق پل اب آخری مراحل میں ہے اور جلد شہریوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کے عوام کو سہولیات فراہم کر رہی ہے، ٹرانسپورٹ کے کئی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور ڈبل ڈیکر بسیں بھی بہت جلد شہر کی سڑکوں پر آ جائیں گی۔وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گندم کی قلت کے حوالے سے وفاق خود کو عقل کل نہ سمجھے، پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کی اتحادی نہیں بلکہ صرف تعاون کر رہی ہے۔اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور یلو لائن بی آر ٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔