کراچی کے ترقیاتی منصوبے شہریوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہریوں کو درپیش مشکلات عارضی ہیں، تاہم ترقیاتی منصوبے شہری سہولیات کے ساتھ ساتھ شہر کے شاندار مستقبل کی نوید ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے عوامی سہولت اور شہر کے پائیدار مستقبل کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے۔ ان کے مطابق کے۔فور منصوبہ کراچی کے عوام سے کیا گیا وہ وعدہ ہے، جس کے تحت شہریوں کو صاف، معیاری اور وافر پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کے تمام ادارے وزیرِ اعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک پانی کی نئی پائپ لائن بچھانے کا مقصد شہریوں کو طویل المدتی سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان منصوبوں کے دوران ٹریفک کی وقتی مشکلات ضرور پیش آ رہی ہیں، مگر مستقبل میں شہری ان کے واضح اور دیرپا فوائد حاصل کریں گے۔شرجیل انعام میمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت سے تعاون کریں، کیونکہ یہ منصوبے دراصل عوام کے بہتر مستقبل کے لیے بنائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کے۔فور، ریڈ لائن اور دیگر منصوبے صرف تعمیراتی سرگرمیاں نہیں بلکہ سندھ حکومت کے وژن کا حصہ ہیں، جس کا مقصد کراچی کو ایک جدید، سہولیات سے آراستہ اور بین الاقوامی معیار کے شہر میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر تمام منصوبوں کی رفتار تیز کر دی گئی ہے اور جہاں کہیں شہریوں کو مشکلات درپیش ہیں وہاں فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو کم سے کم تکلیف ہو۔ آخر میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی خدمت کے جذبے سے کام کر رہی ہے اور بہت جلد کراچی کے شہری ان منصوبوں کے ثمرات اپنی روزمرہ زندگی میں محسوس کریں گے۔