یومِ استحصال کشمیرِ، بھارتی مظالم کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے، میئر کراچی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن بھارت کے غیر قانونی قبضے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر جاری ظلم و ستم کے خلاف جدوجہد کی علامت ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کو اپنی “شہ رگ” قرار دے کر بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کا بھرپور مقدمہ لڑا، جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو ہر سطح پر اجاگر کیا اور ان کی آواز بنیں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم کل بھی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں متحد تھی اور آج بھی اسی جذبے کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جارحیت اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر عالمی برادری کی خاموشی کو “انسانیت کے منہ پر طمانچہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مجرمانہ خاموشی قابلِ افسوس ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ کشمیر کا مستقبل بندوق کی طاقت سے نہیں بلکہ کشمیری عوام کی مرضی اور فیصلے سے طے ہونا چاہیے۔ ہم ہر سطح پر کشمیری بھائیوں کا مقدمہ اٹھاتے رہیں گے اور ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومِ استحصال ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آزادی کی راہ میں دی گئی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں، اور وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام کو ان کا حق ملے گا۔