اسلام آباد سے 17 برس قبل لاپتہ ہونے والی کرن کراچی میں مل گئی

اسلام آباد سے 17 سال قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی بالآخر کراچی میں ایدھی سینٹر سے مل گئی۔ 27 سالہ کرن کو گزشتہ روز اس کے حقیقی والد عبدالمجید کے حوالے کردیا گیا۔ لڑکی کی بازیابی سیف سٹی پنجاب کی جدید سہولیات اور کوششوں کے ذریعے ممکن ہوئی۔ کرن نے بتایا کہ وہ بچپن میں گھر سے آئس کریم لینے نکلی تھی لیکن راستہ بھٹک گئی، گلی یاد نہ رہنے کے باعث کوئی شخص اسے ایدھی سینٹر اسلام آباد چھوڑ گیا۔ بعد ازاں مرحومہ بلقیس ایدھی نے اسے کراچی منتقل کیا جہاں وہ ایدھی سینٹر میں پلتی رہی اور اس نے دینی و دنیاوی تعلیم حاصل کی۔ کرن نے والد سے ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج بہت خوش ہوں، ایدھی سینٹر میں گزارا ہوا وقت ہمیشہ یاد رہے گا۔‘‘ شبانہ فیصل ایدھی کے مطابق کرن کے والدین کو تلاش کرنے کے لیے کئی بار بس سروس کے ذریعے اسلام آباد روانہ کیا گیا لیکن سراغ نہ ملا۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ ہفتوں میں ملک بھر سے 12 بچوں کو والدین سے ملایا جا چکا ہے جبکہ کراچی سے پانچویں لڑکی کی شناخت ممکن ہوئی ہے۔ کرن کے والد عبدالمجید نے کہا کہ ان کا تعلق قصور سے ہے اور بیٹی کے لاپتہ ہونے کے بعد انہوں نے بہت کوشش کی لیکن کامیابی نہ ملی۔ “اب تو امید بھی دم توڑ چکی تھی، لیکن اچانک پولیس آئی اور بیٹی کے ملنے کی خوشخبری دی۔” عبدالمجید نے کہا کہ 17 سال بعد بیٹی کی واپسی ان کے لیے ناقابلِ بیان خوشی ہے۔