کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی کا بڑا کریک ڈاؤن، درجنوں غیر قانونی کنکشن منقطع

سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (SSGC) نے سندھ اور بلوچستان میں گیس چوری کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں انسدادِ گیس چوری مہم کے دوران متعدد غیر قانونی کنکشن پکڑے گئے اور ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق کمپنی کے سیکورٹی سروسز اینڈ کاؤنٹر گیس تھیفٹ آپریشنز (SS&CGTO)، سی آر ڈی تھیفٹ سیکشن، ڈسٹری بیوشن ڈیپارٹمنٹ، ایس ایس جی سی پولیس اور مقامی پولیس نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے گیس چوری کے متعدد نیٹ ورک بے نقاب کیے۔تازہ کارروائی میں ٹیم نے نیشنل ہائی وے، اسٹیل ٹاؤن، ملیر کے علاقے سومر گوٹھ میں 8 انچ ڈسٹری بیوشن لائن سے زیرِ زمین غیر قانونی کنکشن پکڑا جس کے ذریعے تقریباً 200 گھروں کو گیس فراہم کی جا رہی تھی۔ملزمان ہر گھر سے 20 ہزار روپے ایڈوانس اور 2 ہزار روپے ماہانہ وصول کر رہے تھے۔ اس جرم میں ملوث اللہ وڈایہ عباسی اور رفیق بلیڈی کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ایک اور کارروائی میں شاہ لطیف ٹاؤن کے سیکٹر 30/C اور بینظیر آباد میں 400 گھروں کو غیر قانونی گیس سپلائی کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا۔ اس کیس میں بھی اللہ وڈایہ عباسی اور شفیق آرائیں ملوث پائے گئے، جو 20 ہزار روپے ایڈوانس اور 3 ہزار روپے ماہانہ وصول کر رہے تھے۔اسی دوران یار محمد گوٹھ، ملیر میں ایس ایس جی سی کی 20 انچ مین ڈسٹری بیوشن لائن میں سوراخ کر کے تقریباً 300 گھروں کو غیر قانونی گیس سپلائی کی جا رہی تھی۔ اس کارروائی میں محمد یونس خان اور محمد رفیق نامی ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ایس ایس جی سی حکام کا کہنا ہے کہ گیس چوری میں ملوث بستیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مسلسل جاری رہے گا اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں گی۔