ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے نیٹ ورکس کے خلاف شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم اور اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔حکام کے مطابق گرفتار افراد میں محمد یوسف، عبدالقادر اور محمود علی شامل ہیں، جنہیں سلطان روڈ اور کلفٹن کے علاقوں سے غیر قانونی رقم کی ترسیل کے دوران رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ کارروائی میں ملزمان کے قبضے سے 76 لاکھ 95 ہزار روپے نقد اور پانچ موبائل فون برآمد ہوئے۔ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان غیر قانونی حوالہ ہنڈی اور کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں سرگرم تھے جبکہ برآمد ہونے والی بھاری رقم کے متعلق وہ کوئی تسلی بخش وضاحت پیش نہ کر سکے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا ہے اور ان کے نیٹ ورک کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔