محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں کراچی میں سردی بڑھنے کی پیشگوئی کردی ہے۔ موسم کے ماہرین کے مطابق شہر میں صبح کے اوقات میں خنکی اور ہلکی ٹھنڈک محسوس کی جا رہی ہے جبکہ دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے بعد سے رات کا کم سے کم درجہ حرارت 16.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کا مطلع صاف ہے تاہم فضائی آلودگی میں کمی نہیں آئی اور ایئر کوالٹی غیر صحت بخش سطح پر برقرار ہے۔ آج آلودہ ذرات کی مقدار 178 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔شہریوں کے مطابق سمندری ہوائیں بند ہونے اور شمال/شمال مشرق سے خشک ہوائیں چلنے کی وجہ سے نمی کا تناسب کم ہے جس سے موسم مزید خشک ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری جبکہ نمی کا تناسب 8 فیصد تھا، آج بھی درجہ حرارت 34 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ موجودہ نمی 34 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔






