کراچی میں حالیہ موسلادھار بارشوں کے بعد مون سون کا سلسلہ اب کمزور پڑ چکا ہے، تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل سے جمعرات کے دوران شہر قائد میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوئی، سڑکیں اور انڈر پاسز پانی میں ڈوب گئے جبکہ جانی و مالی نقصان بھی ہوا۔محکمہ موسمیات کراچی کے ترجمان انجم نذیر ضیغم نے بتایا کہ حالیہ مون سون سسٹم کمزور پڑ گیا ہے اور فی الوقت شہر میں موسلادھار بارش کا کوئی امکان نہیں۔ اگلا بارش کا سلسلہ 27 اگست سے متوقع ہے۔واضح رہے کہ 21 اگست کو جاری محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری ملک کے بالائی علاقوں کے لیے تھی، جن میں کشمیر، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور شمال مشرقی سندھ شامل ہیں، جبکہ کراچی کا ذکر اس میں موجود نہیں تھا۔






