شاہراہ فیصل پر واقع ناتھا خان پل ایک بار پھرتباہ حالی کا شکار

شہر قائد کی سب سے مصروف شاہراہ فیصل پر واقع ناتھا خان پل ایک بار پھر نشئی افراد کے ہاتھوں سریے کی چوری کے باعث تباہ حالی کا شکار ہوگیا۔ پل کے بیم کمزور ہونے سے درمیانی لین بیٹھ گئی اور کئی فٹ چوڑا گڑھا بن گیا، جس کے باعث ایئرپورٹ جانے والی ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق نشے کے عادی افراد پل کے بیم کاٹ کر اندر سے سریا نکال لے گئے جس سے پل کی سپورٹ ختم ہوگئی۔ مزدوروں کا کہنا ہے کہ ناتھا خان پل کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر متاثر ہوچکا ہے اور مرمتی کام میں 10 سے 15 روز لگ سکتے ہیں۔ کے ایم سی کی جانب سے مرمت شروع کردی گئی ہے، تاہم پل کے درمیان 8 فٹ چوڑا اور 15 فٹ لمبا گڑھا کھودنے کے بعد کام مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔ مرمتی عملہ بتاتا ہے کہ تمام بیموں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں، پہلے بیم کی مرمت ہوگی اور بعد ازاں سڑک دوبارہ تیار کی جائے گی۔ ایئرپورٹ ٹریفک سیکشن کے انچارج انسپکٹر ریحان زیب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شام کے اوقات میں شارع فیصل استعمال کرنے سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔ ایئرپورٹ جانے والے شہری ملیر ایکسپریس وے استعمال کر سکتے ہیں جبکہ دیگر مسافر کارساز روڈ، ڈرگ روڈ اور راشد منہاس روڈ کے راستے اپنی منزل تک پہنچیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ نشئی افراد کی جانب سے پلوں اور سڑکوں کے سریے کی سرعام چوری شہر کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے، لیکن اس حوالے سے پولیس کی جانب سے کوئی سنجیدہ کارروائی نظر نہیں آتی۔ ماہرین کے مطابق اگر اس مسئلے پر فوری قابو نہ پایا گیا تو پل کے ڈھانچے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، جس سے کسی بڑے سانحے کا خدشہ ہے۔