ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج دفاعِ وطن کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے، اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب سخت اور مؤثر انداز میں دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایبٹ آباد میں اساتذہ اور طلباء سے ملاقات کی، جس میں پاک افغان سرحدی کشیدگی اور ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتِ حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف بھرپور اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ پاک فوج ملکی سالمیت اور امن کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔اس موقع پر اساتذہ اور طلباء نے شہداء اور غازیان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کہا کہ وطن سے محبت اور قربانی کا حقیقی استعارہ پاک فوج ہے۔اساتذہ کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر نوجوان نسل کے ذہنوں کو گمراہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جنہیں تعلیم اور شعور کے ذریعے ناکام بنانا ضروری ہے۔طلباء نے گفتگو میں کہا کہ آج ہمیں پاک فوج کے کردار اور قربانیوں سے متعلق درست معلومات حاصل ہوئیں، اور ہم ملک دشمن پروپیگنڈے کو رد کرتے ہیں۔






