کراچی میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سخت بنانے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے موٹرسائیکلوں کے حوالے سے اہم ہدایت نامہ جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق شہر بھر کی ملز، فیکٹریوں، انڈسٹریز اور دیگر اداروں کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ ہر موٹرسائیکل پر درست اور قانونی نمبر پلیٹ نصب ہو، ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے اور صرف درست ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے ہی سڑکوں پر چل سکیں گے۔ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ موٹرسائیکلوں کی ہیڈ لائٹس، ٹیل لائٹس اور انڈیکیٹرز درست حالت میں ہونے چاہئیں، جبکہ چین کور اور سائیڈ مررز کا ہونا بھی ضروری ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے افسران کو ہدایت دی کہ ایس اوز اور ڈی ایس پیز ذاتی طور پر دورے کریں اور ان اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ حادثات کی روک تھام اور قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پایا جا سکے۔






