پیٹرولیم بحران عارضی طور پر ٹل گیا، پی ایس او کا جہاز کلیئر

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے ممکنہ بحران کا خطرہ فی الحال عارضی طور پر ٹل گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کا ایک جہاز 15 روز کی انڈرٹیکنگ پر کلیئر کر دیا، جس کے بعد ملک میں ایندھن کی سپلائی معمول پر آنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے جہازوں کو بھی بغیر بینک گارنٹی 15 دن کے لیے کلیئرنس ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے درآمدی فیول کی کلیئرنس کے لیے بینک گارنٹی پر 15 دن کی عارضی اجازت دے دی ہے تاکہ ملک میں ایندھن کی قلت پیدا نہ ہو۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے مؤقف اختیار کیا کہ 100 فیصد بینک گارنٹی جمع کرانے سے ان کا کیش فلو بری طرح متاثر ہوگا، جس سے فیول سپلائی میں تعطل پیدا ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سندھ نے کمپنیوں کو دوبارہ خط جاری کیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ انڈرٹیکنگ کے بجائے بینک گارنٹی فراہم کی جائے۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق مطلوبہ بینک گارنٹی جمع کرانے کے بعد ہی کمپنیوں کے کیسز پر کارروائی کی جائے گی، جبکہ بینک گارنٹی جمع نہ کرانے کی صورت میں فیول سپلائی میں کسی ممکنہ تعطل کی ذمہ داری متعلقہ کمپنیوں پر عائد ہوگی۔