ابراہیم حیدری میں پولیس نے بروقت کارروائی کر کے اغوا شدہ 8 ماہ کی بچی کو بازیاب کرالیا

کراچی پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں جمعہ گوٹھ سے اغوا کی جانے والی 8 ماہ کی بچی “حنہ” کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بچی حنہ جمعہ گوٹھ کے علاقے سے پراسرار طور پر لاپتا ہو گئی تھی، جس پر والدین نے فوری طور پر تھانہ ابراہیم حیدری سے رابطہ کیا۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او ابراہیم حیدری پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تلاش کا آغاز کیا گیا۔ چند گھنٹوں کی کوششوں کے بعد پولیس نے بچی کو قریبی نکاسی آب کی لائن سے زندہ حالت میں بازیاب کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ انہوں نے بچی کے کانوں سے سونے کی بالیاں چھیننے کے لیے اغوا کیا تھا۔ گرفتار افراد کی شناخت شوکت، اللہ ڈنو اور کامران کے طور پر ہوئی ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے ایک اور ساتھی کی نشاندہی بھی کی، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔