ملک میں ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان ہے، حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کل کیا جائے گا، جس سے عوام کی مشکلات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق انڈسٹری کی ابتدائی ورکنگ تیار کرلی گئی ہے جس کے تحت 16 ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوسکتی ہیں۔ ابتدائی ورکنگ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے چون پیسے فی لیٹر، ڈیزل میں چار روپے اناسی پیسے، مٹی کے تیل میں تین روپے چھ پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل میں تین روپے اڑسٹھ پیسے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا 15 ستمبر کو حتمی ورکنگ پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائے گی، جس کے بعد وزارت خزانہ لیوی اور ٹیکسز کے حساب سے ورکنگ تیار کرکے وزیراعظم کو ارسال کرے گی۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔یاد رہے کہ یکم ستمبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی تھی، تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تین روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔






