کراچی کے مضافاتی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے کراچی کے مضافاتی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی تاہم موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں آج موسم گرم اورمرطوب رہے گا اور مضافاتی علاقوں میں آج شام و رات سے بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37ڈگری تک جانے کا امکان ہے، مشرقی سمت سے 8 سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے۔ دوسری جانب آئندہ 12 تا 48 گھنٹے کیلئے موسم صورتحال کی ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے، جس میں بتایا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے چند اضلاع میں بارش اور ژالہ باری جبکہ لاہور، راولپنڈی، اٹک، جہلم ، گجرات، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ نارووال، وزیر آباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ اور شیخوپورہ ، چترال،دیر،سوات،شانگلہ ،بونیر اور مانسہرہ میں بھی بارش متوقع ہے۔ بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش اورژالہ باری متوقع ہے جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔