نیپا چورنگی سے وفاقی اردو یونیورسٹی تک سڑک ڈیڑھ ماہ کیلئے بند، شہری مشکلات میں اضافہ

نیپا چورنگی سے وفاقی اردو یونیورسٹی تک جانے والی روڈ 10 نومبر سے 30 دسمبر تک بند رہے گی۔ واٹر اینڈ سیوریج امپروومنٹ پروجیکٹ کے مطابق کے فور منصوبے کے تحت پانی کی لائنیں ڈالنے کا کام جاری ہے جس کے باعث ٹریفک معطل رہے گا۔ حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں وفاقی اردو یونیورسٹی تک لائنیں بچھائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں حسن اسکوائر سے نیپا چورنگی تک کام کیا جائے گا۔ ٹریفک کو نیپا چورنگی سے الہ دین پارک کی طرف موڑا جائے گا۔یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن منصوبہ پہلے ہی شہریوں کیلئے شدید مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے جہاں منٹوں کا سفر گھنٹوں میں تبدیل ہو گیا ہے۔ چند ماہ قبل منصوبے کے کام کے دوران پانی کی لائن پھٹنے کے سبب مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی تھی۔ منصوبے کے اطراف کراچی یونیورسٹی، این ای ڈی اور وفاقی اردو یونیورسٹی موجود ہیں جس کے طلبہ بھی بار بار شکایات کر رہے ہیں۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ سڑک عبور کرنا خطرناک ہو چکا ہے اور حادثات بڑھ چکے ہیں، حکومت سے مطالبہ ہے کہ منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے۔