کراچی میں ایس ایس پی توحید الرحمان کے گھر ڈکیتی، تحقیقات جاری

شہرِ قائد کے پوش علاقے ڈیفنس میں ڈکیتوں نے ایس ایس پی توحید الرحمان کے گھر بڑی واردات کر ڈالی۔ پولیس کے مطابق، ملزمان 90 لاکھ روپے مالیت کے ڈالرز، 10 لاکھ روپے نقدی، ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کے زیورات اور موبائل فونز لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واردات کے وقت گھر میں تعینات گن مین سرکاری رائفل تکیے کے نیچے رکھ کر سو رہا تھا۔ واقعے کی ایف آئی آر کانسٹیبل فیصل الطاف کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے۔ایس ایس پی توحید الرحمان، پیپلز پارٹی کی رہنما اور ترجمان سندھ حکومت اقربا فاطمہ کے شوہر ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت نادر گبول نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈکیتی کی تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چوری اور ڈکیتی کسی کے ساتھ بھی ہوسکتی ہے، حتیٰ کہ حکومتی عہدیداروں کے ساتھ بھی، اور عموماً ایسے واقعات گھریلو ملازمین کی اطلاع پر ہوتے ہیں۔نادر گبول نے مزید کہا کہ کراچی تین کروڑ سے زائد آبادی کا شہر ہے اور جرائم کو سو فیصد ختم کرنا ممکن نہیں، تاہم ماضی کے مقابلے میں صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے سیف سٹی پروجیکٹ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں لندن اور نیویارک سے بہتر کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ شہر مزید محفوظ ہو۔ ترجمان نے کہا کہ تیس ہزار ڈالر کوئی بڑی رقم نہیں اور میرا نہیں خیال گھر میں اتنی رقم رکھنا غیرقانونی ہے۔