کراچی ماڈل کالونی کے قریب واقع ایک دکان میں ڈکیتی کی واردات،ملزمان فرار

کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں علی چوک کے قریب واقع ایک دکان میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے۔ واردات کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے منصوبہ بندی کے تحت کارروائی کی۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ڈاکو پہلے دکان پر آ کر معمول کے گاہک کی طرح سگریٹ خریدتا ہے اور چلا جاتا ہے۔ کچھ دیر بعد وہی شخص دو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ واپس آتا ہے۔ تینوں ملزمان اچانک اسلحہ نکال کر دکان دار کو دھمکاتے ہیں اور دکان سے کیش لوٹ لیتے ہیں۔ واردات کے بعد تینوں ملزمان بآسانی فرار ہو جاتے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واردات چند منٹوں میں مکمل ہوئی، اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے اور ملزمان کی شناخت کے لیے تکنیکی بنیادوں پر تحقیقات جاری ہیں۔ علاقے میں اس سے قبل بھی متعدد وارداتیں رپورٹ ہو چکی ہیں، جس پر شہریوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔