کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ڈکیتی کی بڑی واردات پیش آئی، جہاں مسلح ملزمان سنار کے ملازمین سے ڈیڑھ کروڑ روپے نقد چھین کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق محمد فرحان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ یاسین اور ریحان نقد رقم لے کر لیاقت آباد پہنچے تھے اور یہ رقم کسٹمر فرحان ظہور کو دینی تھی، اسی دوران تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ مسلح ملزمان نے ان پر اسلحہ تان کر رقم چھین لی۔واردات کے بعد متاثرہ فریق نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش جاری ہے تاکہ ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔






