وزیر محنت سندھ سعید غنی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وضاحت کریں کہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بلاول بھٹو پر جو سازش کے الزامات لگائے ہیں، وہ کس بنیاد پر ہیں۔جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پنجاب حکومت پر تنقید نہیں کی بلکہ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال کیوں پیدا کی جا رہی ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق سے ناراض ہو جائے، حالانکہ وفاقی حکومت کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ووٹوں کی ضرورت ہے۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ کل عظمیٰ بخاری نے الزام لگایا کہ بلاول بطور وزیر خارجہ سازشیں کر رہے تھے، اس بات کی وضاحت وزیراعظم کریں کہ بلاول نے کیا سازش کی؟ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف تو بلاول کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے تھے کہ انہوں نے پاکستان کو سفارتی تنہائی سے نکالا۔پانی کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ کہنا کہ “میرا پانی میری مرضی” درست نہیں، پانی سب کا ہے۔ اگر پنجاب میں پہلے ہی 39 فیصد پانی کی کمی ہے تو نئی نہریں بنانے کے بعد صوبہ پانی کہاں سے نکالے گا؟انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات عوامی اعتماد کا سب سے بڑا پیمانہ ہیں اور سندھ کی اکثریت پیپلز پارٹی سے مطمئن ہے، فارم 47 کے الزامات ن لیگ پر ہیں، پیپلز پارٹی پر نہیں۔