گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد گھریلو صارفین کو روزمرہ اخراجات میں اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔تفصیلات کے مطابق پہلے درجے کا گھی اور کوکنگ آئل 10 روپے اضافے کے بعد 582 روپے فی لیٹر/کلو تک جا پہنچا ہے، جبکہ دوسرے درجے کا گھی اور تیل 540 روپے فی لیٹر/کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ذرائع کے مطابق چینی کی قیمت میں بھی 2 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد چینی 179 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گھی، تیل اور چینی کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی منڈی میں نرخوں میں اضافے، سپلائی چین میں دباؤ اور درآمدی اخراجات میں اضافے کے باعث سامنے آیا ہے۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کر دیا ہے، اور متوسط طبقہ اب بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا شکار ہے۔دوسری جانب ٹماٹر کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں مختلف بازاروں میں ٹماٹر 500 سے 700 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں جبکہ سرکاری نرخ 368 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں۔ریٹیلرز کے مطابق ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ تجارتی راستوں کی بندش اور سپلائی میں کمی کے باعث ہوا ہے، اور سب سے زیادہ نرخ گلشن اقبال اور برنس روڈ کے علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔