گھوٹکی، کندھ کوٹ پل پر کام کی رفتار تیز کی جائے،وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گھوٹکی۔کندھ کوٹ پل منصوبے پر کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت جاری کردی۔تفصیلات کے مطابق گھوٹکی۔کندھ کوٹ پل کی پیش رفت سے متعلق اجلاس وزیراعلیٰ سندھ کی صدارت میں ہوا، جس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، معاونِ خصوصی سید قاسم نوید، چیف سیکریٹری سید آصف حیدر شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری ورکس نواز سوہو، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پروفیسر سروش لودھی اور دیگر افسران شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران منصوبے سے متعلق پانچ اجلاس ہو چکے ہیں۔ نومبر سے جون تک کا عرصہ وہ وقت ہے جب دریا میں پانی کی سطح کم ہوتی ہے، لہٰذا اس دوران زیادہ سے زیادہ تعمیراتی کام مکمل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نومبر 2025 سے دسمبر 2026 تک منصوبہ کسی حد تک مکمل ہونا چاہیے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 12.15 کلومیٹر طویل پل کے لیے 723 میں سے 379 پائل نصب کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی 353 پائل دسمبر تک مکمل کر کے گارڈر لگانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پل کے مقام پر سکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز تعینات ہیں، اب کسی رکاوٹ کی گنجائش نہیں۔ “مجھے صرف کام کی رفتار چاہیے،” انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا۔انہوں نے مزید کہا کہ گھوٹکی۔کندھ کوٹ پل سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے درمیان اقتصادی رابطوں کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے اگلے ہفتے دوبارہ اجلاس بلا کر پیش رفت کا جائزہ لینے کا اعلان کیا۔