سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کے متعدد نئے منصوبوں کا اعلان کر دیا، جن میں خواتین کے لیے اسکوٹی ٹریننگ پروگرام، پیپلز بس سروس کی توسیع، ای وی بسز اور الیکٹرک ٹیکسی سروس کا آغاز شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں خواتین اور طالبات کے لیے اسکوٹی ٹریننگ پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کے تحت تربیت مکمل کرنے والی خواتین کو مفت ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جائے گا۔مزید برآں، پیپلز بس سروس کو خیرپور، شکارپور اور نوشہرو فیروز تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں بیس نئی بسیں چلائی جائیں گی۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ گلشن معمار سے ٹاور تک 15 ای وی بسوں پر مشتمل نیا روٹ شروع کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔ اسی طرح یلو لائن بی آر ٹی کے اہم حصے تاج حیدر پل کو عوام کے لیے کھولنے کا اعلان بھی کیا گیا۔شرجیل میمن نے بتایا کہ ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کی نئی کھیپ جلد کراچی پہنچے گی، جب کہ دسمبر میں ای وی ٹیکسی سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔






