انسدادِ دہشتگردی کی منتظم عدالت نے راشد منہاس روڈ پر ڈمپر جلانے کے مقدمے میں گرفتار 5 ملزمان کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ کراچی سینٹرل جیل کے انسدادِ دہشتگردی کمپلیکس میں سماعت کے دوران یوسف پلازہ پولیس نے ملزمان عمر ایوب، محمد مراد، محمد ولید، ضمن حسین اور وسام عابد کو پیش کیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان نے جرم کا اعتراف کیا ہے، جبکہ وائرل ویڈیوز اور مخبر کی نشاندہی سے ان کی شناخت ہوئی۔ گرفتار ملزم ضمن کی نشاندہی پر وسام کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے شریک ملزم سید بلال اور دیگر مفرور افراد کی گرفتاری، شواہد اکٹھا کرنے اور بیانات قلمبند کرنے کے لیے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے 6 روزہ جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے 20 اگست کو پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔ پولیس کے مطابق ڈمپر کی ٹکر سے بھائی بہن جاں بحق ہوئے تھے، جس کے بعد مشتعل افراد نے متعدد ڈمپرز کو آگ لگا دی تھی۔ واقعے کا مقدمہ یوسف پلازہ تھانے میں انسدادِ دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔






