سندھ حکومت میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، شرجیل انعام میمن

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے میرٹ، شفافیت اور نوجوانوں کے روشن مستقبل پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ جاب پورٹل کے تحت اب تک 3 لاکھ 26 ہزار سے زائد امیدوار اہل قرار پا چکے ہیں۔ امیدوار مختلف سرکاری و نجی اداروں میں میرٹ پر مبنی بھرتیوں کے لیے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ جاب پورٹل ایک جدید اور خودکار نظام ہے، جس کے ذریعے امیدواروں کی اہلیت، تعلیم اور تجربے کی بنیاد پر مکمل طور پر ڈیجیٹل اسکریننگ کی جاتی ہے۔وزیرِ اطلاعات نے واضح کیا کہ پورے نظام کی نگرانی شفاف انداز میں کی جا رہی ہے، تمام ریکارڈ آڈٹ کے قابل ہے اور ہر بھرتی کا عمل ڈیجیٹل ٹریس کے ذریعے محفوظ رہتا ہے۔