خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں زلزلے کے شدید جھٹکے

خیبرپختونخوا اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 اور گہرائی 120 فٹ ریکارڈ کی گئی، جب کہ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا۔جھٹکے پشاور، سوات، ملاکنڈ ڈویژن، بونیر، ایبٹ آباد، کوہستان اور چترال کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی محسوس کیے گئے۔محکمہ موسمیات (PMD) کے مطابق ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔