کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں 11 سالہ بچی کی پھندا لگی لاش برآمد

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 51-C میں 11 سالہ بچی آسیہ کی پھندا لگی لاش برآمد ہونے کا دلخراش واقعہ سامنے آیا۔ ابتدا میں واقعے کو خودکشی سمجھا جا رہا تھا، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بچی کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔پولیس کے مطابق مددگار 15 کو اطلاع ایک شہری حارث نے دی تھی۔ اطلاع ملنے پر اہلکار موقع پر پہنچے تو محلے کی ایک خاتون نے بتایا کہ بچی کو کمرے میں پھندے سے لٹکا ہوا پایا گیا۔ محلہ داروں نے رسی کاٹ کر بچی کو نیچے اتارا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بتایا کہ آسیہ کی موت گلا گھونٹنے سے واقع ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزم یا ملزمان نے بچی کو پھندا لگا کر قتل کیا۔افسوسناک امر یہ ہے کہ مقتولہ کے والد نے قانونی کارروائی سے انکار کر دیا، جس پر پولیس نے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ واقعے سے ایک روز قبل بچی کے والدین کے درمیان شدید جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد والدہ گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی۔ پولیس مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔