بلوچستان کے عوام پاکستان اور صوبے کے تعلق کو بخوبی سمجھتے ہیں

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ جو بھی دہشت گردوں کو پناہ دے گا یا اپنے گھر میں بارودی مواد رکھے گا، اسے سخت نتائج بھگتنا ہوں گے۔ آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام انٹرن شپ پروگرام کے دوران طلبہ سے خصوصی نشست میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور نوجوان پاکستان سے دور نہیں بلکہ اپنی سرزمین اور ملک کے ساتھ گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ اب عوام خود دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی نشاندہی کر رہے ہیں، جو ایک مثبت تبدیلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی آپریشن تبھی کامیاب ہوتے ہیں جب عوام تعاون کریں، اسی لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے جا رہے ہیں تاکہ دہشت گرد دوبارہ نہ لوٹ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک شخص کی دہشت گردی کی سزا پورے علاقے کو نہیں دی جاسکتی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باشعور اور تعلیم یافتہ ہیں، وہ اپنی محنت سے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں، جن میں خواتین افسران بطور ڈپٹی کمشنر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے مثال دی کہ کیمبرج یونیورسٹی کے سائنسدان صمد یار جنگ اور نوجوان شاہ زیب رند بلوچستان کی کامیابیوں کی روشن مثالیں ہیں۔ انہوں نے میجر محمد انور کاکڑ شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج کے افسران، جوان اور شہری ملک کی آزادی کے لیے روز قربانیاں دے رہے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان لسانی و علاقائی بنیادوں پر نہیں بلکہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہے۔ انہوں نے نبی کریم ﷺ کا فرمان یاد دلاتے ہوئے کہا کہ کسی عربی کو عجمی پر یا کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان کی آبادی ڈیڑھ کروڑ کے قریب ہے، جن میں سے نصف ملک کے دیگر حصوں میں آباد ہیں۔ صوبے میں بلوچ اور پشتون سمیت مختلف قومیتیں رہتی ہیں، جو پاکستان کے مضبوط اتحاد کی عکاسی کرتی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ “پاکستان کا مطلب لا الہ الا اللہ” عوام کے دلوں میں رچا بسا ہے اور یہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔