گلستان جوہر میں افسوسناک حادثہ، پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوب کر دو بچے جاں بحق

کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 9 مگسی چوک کے قریب انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں زیر تعمیر عمارت کے قریب پانی سے بھرے گڑھے میں دو معصوم بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ گڑھا عمارت کی بنیاد کے لیے کھودا گیا تھا، جس میں بارش کا پانی جمع ہوگیا تھا۔ علاقے کے تین بچے نہانے کے لیے وہاں گئے تھے، تاہم بدقسمتی سے دو بچے پانی میں ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ایک بچہ محفوظ رہا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان ہیں اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔یاد رہے کہ حال ہی میں دادو کے قریب کچے کے علاقے دودو کلہوڑو میں بھی افسوسناک سانحہ پیش آیا تھا، جہاں تین بہنیں سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔ 15 سالہ عمان، 13 سالہ زبیرہ اور 12 سالہ حمیران سیلابی پانی میں بہہ گئیں، جنہیں مقامی غوطہ خوروں نے تلاش کرکے ورثاء کے حوالے کیا۔ بتایا گیا کہ پہلے ایک بہن ڈوبی تو باقی دو نے اسے بچانے کی کوشش کی، لیکن تینوں ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔یہ افسوسناک واقعات نہ صرف انتظامی غفلت کی نشاندہی کرتے ہیں بلکہ عوامی تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات بھی کھڑے کرتے ہیں۔