ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے امریکی ڈالر برآمد کر لیے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی خصوصی ہدایت پر اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے کارروائی کی، جس کے دوران غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم بلال سلیم کو کلفٹن سے گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کے قبضے سے 55 ہزار امریکی ڈالر برآمد ہوئے، جبکہ وہ بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی نیٹ ورک سے منسلک ہے۔کارروائی کے دوران ملزم سے موبائل فونز اور دیگر شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم برآمد شدہ رقم کے حوالے سے تسلی بخش وضاحت پیش نہ کر سکا، جس کے بعد اسے باضابطہ گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ایف آئی اے ٹیم نے ملزم کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔






