ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا 19 جولائی کو ملک بھرمیں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان 

ملک بھر کی ٹرانسپورٹ اور کاروباری برادری نے 19 جولائی کو مکمل پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ اس دن نہ کوئی مال بردار گاڑی چلے گی، نہ ہی کسی قسم کی سپلائی کی ترسیل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے صدر ملک شیر خان نے اعلان کیا کہ ٹرانسپورٹ برادری تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور 19 جولائی کو ملک بھر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ دوسری جانب، کراچی چیمبر آف کامرس نے بھی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے خلاف مکمل کاروباری ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ چیمبر کے صدر جاوید بلوانی کا کہنا ہے کہ حکومت اگر فوری طور پر انکم ٹیکس سے متعلق پانچ مطالبات تسلیم کر لے، تو ہڑتال واپس لی جا سکتی ہے۔ تاہم، وزیر خزانہ تاحال تاجروں سے ملاقات کے لیے تیار نہیں۔ جاوید بلوانی نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے قانون 37(A) اور 37(B) کاروبار دشمن قوانین ہیں اور ان اختیارات کے تحت کاروبار ممکن نہیں۔ اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا۔ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور راولپنڈی کے چیمبرز آف کامرس نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد یہ احتجاج ایک ملک گیر تحریک کی صورت اختیار کر چکا ہے۔