بلدیہ حب ریور روڈ شارجہ مارکیٹ کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کی زد میں آکر موٹر سائیکل پر سوار 2 سگے بھائی موقع پر جاں بحق جبکہ والدہ زخمی ہوگئیں۔ایکسپریس نیوز کے مطابق حادثے میں کوچ میں سوار خاتون سمیت 11 مسافر بھی زخمی ہوئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اداروں کے رضا کار موقع پر پہنچے اور لاشوں و زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا۔ حادثے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی تاہم پولیس نے صورتحال پر قابو پالیا۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق نوجوانوں کی شناخت 17 سالہ علی شاہ اور 15 سالہ دانیال ولد جاوید کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی والدہ نے بتایا کہ وہ بچوں کے ہمراہ نیول کالونی جا رہی تھیں کہ اچانک بے قابو کوچ ان کی موٹر سائیکل پر چڑھ گئی۔پولیس کے مطابق مسافر کوچ کا ڈرائیور موقع سے فرار ہے یا زخمی ہوا، اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔






