شہرِ قائد میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق

شہرِ قائد میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے پہلا واقعہ بلدیہ ٹاؤن کی نواب کالونی میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر نوجوان افتخار کو گولی مار کر قتل کردیا۔ اہلخانہ کے مطابق مقتول موبائل مارکیٹ میں کام کرتا تھا اور پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔ وہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دکان سے جلدی نکلا تھا، راستے میں ڈاکوؤں نے روکنے کی کوشش کی تو اسلحہ دیکھ کر فرار ہونے لگا، ملزمان نے سر پر گولی مار دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور مشتعل شہریوں نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔دوسرا واقعہ یونیورسٹی روڈ پر پی ایس او پمپ کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 20 سالہ عبداللہ کو قتل کردیا۔ چھیپا کے مطابق مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں۔