محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق منگل 30 ستمبر کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی تا درمیانی بارش کا امکان ہے، جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمے نے بتایا کہ 29 اور 30 ستمبر کے دوران عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، ٹھٹہ، بدین، حیدرآباد، سجاول، جامشورو اور مٹیاری میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔اتوار کو شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہا، سمندری ہواؤں کی بندش اور شمال مغربی سمت کی ہوائیں چلنے کے باعث گرمی میں اضافہ ہوا۔ گزشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت 2.1 ڈگری بڑھ کر 37.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم آئندہ دنوں میں بھی گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔






