اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس کی حراست میں نوجوان ہلاک، سات اہلکار معطل

کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کی حراست میں ایک نوجوان مبینہ طور پر تشدد کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد تین افسران سمیت سات اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی ہے، جسے عائشہ منزل کے قریب سے حراست میں لے کر ایس آئی یو سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم مجسٹریٹ کی نگرانی میں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق عرفان کے ساتھیوں نے الزام عائد کیا کہ حراست کے دوران ان پر تشدد کیا گیا، جبکہ واقعے کے وقت انہیں آنکھوں پر پٹی باندھ کر مختلف مقامات پر لے جایا جاتا رہا۔مقتول کے اہلِ علاقہ اور اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ عرفان کا تعلق احمد پور شرقیہ، بہاولپور سے تھا اور وہ سیلاب سے متاثر ہونے کے بعد روزگار کی تلاش میں کراچی آیا تھا۔ واقعے کے بعد اہل خانہ نے واقعہ کی شفاف تحقیقات اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس حکام نے یقین دلایا ہے کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف شفاف انکوائری کی جائے گی اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔