لانڈھی اور ملیر میں آگ کے دو واقعات، لکڑی کا گودام اور بیٹری کی دکان جل کر خاکستر

شہر قائد کے علاقوں لانڈھی 89 میں لکڑی کے گودام اور ملیر راشدی گوٹھ میں بیٹری کی دکان میں آتش زدگی کے واقعات کے باعث بھاری مالیت کی لکڑی، بیٹریاں اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ خوش قسمتی سے دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی 89 میں واقع لکڑی کے گودام میں آگ لگنے کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی پانچ گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل قابو پالیا۔ حکام کے مطابق ابتدا میں دو فائر ٹینڈرز سے آگ بجھانے کی کوشش کی گئی، تاہم آگ کی شدت بڑھنے پر مزید تین گاڑیاں اور واٹر کارپوریشن کا ٹینکر طلب کیا گیا تاکہ پانی کی کمی کے باعث آگ پھیل نہ سکے۔ فائرفائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قریبی رہائشی مکانوں کو متاثر ہونے سے بچایا۔ دوسرا واقعہ ملیر کے علاقے راشدی گوٹھ میں پیش آیا، جہاں بیٹری کی دکان میں لگی آگ پر ایک فائر ٹینڈر کی مدد سے آدھے گھنٹے میں قابو پالیا گیا۔ دکان میں موجود تمام بیٹریاں اور سامان جل گیا۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔ پولیس دونوں واقعات کی تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ مالی نقصان کا تخمینہ تاحال نہیں لگایا جا سکا۔