کراچی گلشن اقبال میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 17 سالہ نوجوان جاں بحق

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں 17 سالہ نوجوان عبدالمقصد جان کی بازی ہار گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تین لڑکوں اور دو لڑکیوں کے درمیان جھگڑا جاری تھا۔ پولیس کے مطابق عبدالمقصد جھگڑے کے قریب کھڑا تھا کہ اچانک فائرنگ ہوئی اور گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ورثاء کے مطابق مقتول پی آئی بی کالونی کا رہائشی تھا اور چار بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ڈکیتی یا لوٹ مار کا نہیں تھا، کیونکہ عبدالمقصد کا موبائل فون اور پرس موقع سے محفوظ حالت میں ملا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے میں شامل افراد کی تلاش جاری ہے، جبکہ یہ بھی واضح نہیں کیا جا سکا کہ عبدالمقصد جھگڑے میں شامل افراد کا حصہ تھا یا صرف قریب موجود تھا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔