بوٹ بیسن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سیف سٹی پروجیکٹ کے ڈسٹری بیوشن باکس کی چوری اور پولیس مقابلے میں فرار ہونے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 927/2025 بجرم دفعہ 23-1-A درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے ایک ملزم حبیب اللہ ولد یار محمد کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول بھی برآمد ہوا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ 11 نومبر 2025 کو ملزم حبیب اللہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سیف سٹی کیمروں کا ڈسٹری بیوشن باکس چوری کرنے کی نیت سے جا رہا تھا کہ پولیس سے مقابلے کے بعد تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ پولیس مقابلے کا مقدمہ الزام نمبر 909/2025 بجرم دفعہ 353/324/186/34 تھانہ بوٹ بیسن میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم حبیب اللہ فائرنگ کرتا ہوا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا، تاہم دورانِ تفتیش اس نے اعتراف کیا کہ چند روز قبل وہ اپنے گرفتار ساتھیوں کے ہمراہ ڈسٹری بیوشن باکس چوری کرکے فروخت بھی کرچکا ہے۔






