شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مختلف علاقوں میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلوں میں 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔ٹاؤن پولیس کے مطابق یونیورسٹی روڈ سمامہ کے قریب کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان زخمی حالت میں پکڑے گئے، جن کی شناخت کامران عرف اسد اور وقاص عباسی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ زخمی ملزمان کو ابتدائی طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔اسی طرح سچل کے علاقے چائنا چوک، کوئٹہ ہوٹل کے قریب ایک اور مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو زخمی ہوکر گرفتار ہوا۔ چھیپا حکام کے مطابق ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت 24 سالہ عارف اللہ کے طور پر ہوئی۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ برآمد ہوا ہے اور ان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔






