سیف سٹی کیمروں کی مدد سے کراچی میں 19 روز میں 31 گاڑیاں پکڑی گئیں

کراچی میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جعلی اور چوری کی گاڑیاں پکڑے جانے کا سلسلہ تیز ہوگیا۔ حکام کے مطابق 19 روز میں مجموعی طور پر 31 گاڑیاں شناخت کر کے قبضے میں لی گئیں جن میں چوری کی گاڑیاں اور جعلی سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔سیف سٹی سسٹم نے پی آئی ڈی سی شاہین کمپلیکس، میٹروپول، اسٹاک ایکسچینج اور پیپلز اسکوائر کے اطراف نصب کیمروں کے ذریعے مشکوک گاڑیوں کو شناخت کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایک چوری شدہ بس بھی شہر کی شاہراہوں پر گھومتی پکڑی گئی۔سندھ حکومت کا یہ سیف سٹی پراجیکٹ 15 ارب روپے سے زائد لاگت کا ہے جس میں شہر بھر میں ہزاروں جدید CCTV کیمرے، AI بیسڈ سافٹ ویئر اور ورچوئل پٹرولنگ شامل ہیں۔ یہ جدید نظام نمبر پلیٹس کی اسکیننگ، چہرے کی شناخت اور مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی بھی کرتا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ نتائج کراچی میں اسمارٹ پولیسنگ اور سیکیورٹی اپ گریڈ کی طرف اہم پیشرفت ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید بہتری سامنے آئے گی۔