ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی پر 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5791 الیکٹرانک چالان جاری کر دیے، جس کے بعد گزشتہ چار روز میں مجموعی ای چالانز کی تعداد 18 ہزار 733 سے تجاوز کر گئی۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بدھ کی شب 12 بجے سے جمعرات کی شب 12 بجے تک جاری کیے گئے چالانز میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 3546، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر 1555، ریڈ لائٹ کی خلاف ورزی پر 325، موبائل فون کے استعمال پر 166 اور اوور اسپیڈنگ پر 65 چالان شامل ہیں۔اس کے علاوہ کالے شیشے لگانے پر 40، نو پارکنگ پر 19، رانگ وے پر 13، اوور لوڈنگ پر 9 اور بے جا لوڈ پر 6 ای چالان بھی جاری کیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ یہ نظام شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنانے اور مؤثر نگرانی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔






