شہر قائد کے مختلف علاقوں سے 3 افراد کی لاشیں برآمد

کراچی کے مختلف علاقوں میں گھروں سے 3 افراد کی گلے میں پھندا لگی لاشیں ملی ہیں، پولیس نے ابتدائی طور پر ان واقعات کو خودکشی قرار دیا ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔پہلا واقعہ کورنگی کے علاقے ضیا کالونی میں پیش آیا، جہاں سے 17 سالہ نوجوان حیدر علی کی لاش ملی۔ ایدھی کے رضا کاروں نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد جناح اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کو بظاہر خودکشی قرار دیا جا رہا ہے۔دوسرا واقعہ چاکیواڑہ نمبر 2 جھٹ پٹ مارکیٹ کے قریب رہائشی عمارت میں پیش آیا، جہاں 36 سالہ شخص نعیم کی لاش پھندے کے ساتھ ملی۔ اہلخانہ نے پولیس کو بتایا کہ متوفی ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور پہلے بھی خودکشی کی کوشش کر چکا تھا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔تیسرا واقعہ نارتھ کراچی سیکٹر ون اے فور میں مڈ ایشیا اسکول کے قریب ایک گھر میں پیش آیا، جہاں 35 سالہ طلحہٰ کی سات سے آٹھ روز پرانی لاش برآمد ہوئی۔ لاش کو چھیپا رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تینوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ حتمی حقائق سامنے لائے جا سکیں۔