محکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایس او پیز جاری کردیئے، بغیر اجازت کھالیں جمع کرنا ممنوع قرار دے دیا گیا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ صرف رجسٹرڈ فلاحی اداروں کو کھالیں جمع کرنیکی اجازت ہوگی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیرکھالیں جمع کرنا جرم تصور ہوگا، لاؤڈ اسپیکر اور بینرز کے ذریعے کھالوں کے اعلان پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ زبردستی کھالیں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، خلاف ورزی پرکھالیں ضبط کر کے منظور شدہ اداروں کودی جائیں گی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر چیکنگ کریں گے، عید کے دوران اسلحہ لائسنس معطل رہے گا۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق اجتماعی قربانی کی اجازت بھی کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز دینگے، خلاف ورزی پر پولیس دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کرے گی۔






