کراچی میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 21 افراد گرفتار

کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ آپریشن جاری ہے، جس کے دوران 21 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز، سی ٹی ڈی اور سہراب گوٹھ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سہراب گوٹھ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا۔علاقے کے داخلی و خارجی راستے سیل کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم تھے۔زیر حراست افغان شہریوں کو ابتدائی تفتیش کے بعد غیر قانونی مقیم افغانوں کے لیے قائم سینٹر میں منتقل کیا جائے گا، جہاں سے انہیں واپس افغانستان بھیجنے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ڈی ایس پی سہراب گوٹھ نے کہا کہ غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا، تاہم کسی بھی شخص کو بلاجواز ہراساں نہیں کیا جائے گا۔