اجرک والی نمبر پلیٹس عوام کو بطور تحفہ دی جائیں، گورنر سندھ کا مطالبہ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اجرک ڈیزائن والی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس عوام کو بلامعاوضہ اور بطور تحفہ فراہم کی جائیں۔ یہ بات انہوں نے ایک صحافی سے گفتگو کے دوران کہی، جس میں اجرک ڈیزائن والی نمبر پلیٹ نہ لگانے کی صورت میں عوام کو درپیش ممکنہ قانونی اور عملی مشکلات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اجرک سندھ کی تہذیب، ثقافت اور عزت کی علامت ہے، جو ہمیشہ تحفے کے طور پر پیش کی جاتی ہے، اس لیے اجرک والی نمبر پلیٹ کو بھی تحفے کی علامت کے طور پر مفت دیا جانا چاہیے۔ ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر سندھ نے حکومت سندھ کو تجویز دی ہے کہ نہ صرف نمبر پلیٹس بلکہ اس سے متعلق ٹیکسز اور دیگر واجبات پر بھی نظرِثانی کی جائے، تاکہ عوام پر مالی بوجھ کم کیا جا سکے۔